100 بہترین سرگرمیاں
تحریر: پروفیسر عامر حسن برہانوی
قسط نمبر 2
نئی زبان سیکھیں
زبان رابطے کا ذریعہ ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف دو افراد بلکہ دو قومیں آپس میں رابطہ کر سکتی ہیں۔ زبان اپنے خیالات، جذبات اور احساسات کو دوسروں تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ جب ایک فرد ایک سے زیادہ زبانیں سیکھتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ایک سے زیادہ قوموں سے ان کی اپنی زبان میں رابطہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نیز وہ جذبات، خیالات اور احساسات کو مختلف طریقوں سے بیان کرنے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔
نئی زبان سیکھنے کی سرگرمی فارغ وقت میں اپنائی جا سکتی ہے۔ یہ انتہائی مفید سرگرمی ہے۔ اس سرگرمی سے آپ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ اہنی شخصیت کی تعمیر کر سکتے ہیں۔ اپنے اندر بدلاؤ لا سکتے ہیں۔ ایک انگریزی مقولہ ہے کہ ”ایک نئی زبان سیکھو اور ایک نئی روح حاصل کرو“ یعنی نئی زبان سیکھنے سے آپ کے اندر نئی تبدیلیاں وقع پذیر ہوتی ہیں۔ چند ایک تبدیلیاں یا چند ایہ فائدے حسب ذیل ہیں:
پہلا فائدہ تو یہ ہے کہ ایک نئی زبان سیکھنے سے آپ کے سوچنے کے انداز میں وسعت آ جاتی ہے۔ آپ کی سوچ وسیع ہو جاتی ہے اور آپ ایک ہی بات کو مختلف زاویوں سے اور مختلف طریقوں سے سوچ سکتے ہیں۔
دوسرا فائدہ یہ ہے کہ نئی زبان سیکھنے سے آپ کی یادداشت تیز ہو جاتی ہے اور اس سے آپ کی توجہ اور ارتکاز کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے۔ آپ جب بھی کوئی کام کریں گے مکمل توجہ سے کر سکیں گے۔ آپ کی توجہ ادھر ادھر بھٹکے گی نہیں۔
یہ بھی دیکھیں: سانحہ میانوالی کے حوالے سے اردو نظم مجھے دیکھو ایک نظر بابا
تیسرا فائدہ یہ ہے کہ آپ جب نئی زبان سیکھتے ہیں تو اس نئی زبان کا ادب یعنی لٹریچر بھی پڑھتے ہیں۔ ادب کسی بھی دور اور معاشرے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس زبان کا ادب پڑھنے سے آپ اس زبان کے لوگوں کی معاشرت اور سوچ سے آگاہ ہو جاتے ہیں۔ آپ ادب سے بہت سی نئی باتیں بھی سیکھتے ہیں۔ یہ آپ کے علم میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔
چوتھا فائدہ یہ ہے کہ آپ جس قوم کی زبان سیکھتے ہیں اس قوم کی تہذیب و ثقافت سے بھی آشنا ہو جاتے ہیں۔ اس قوم کے عادات اور رویے بھی آپ کے سامنے ہوتے ہیں۔ آپ کو ان میں سے جو عادات، رویے اور تہذیبی و ثقافتی سوچ اور فکر اچھی لگے یا متاثر کرے وہ اپنا بھی سکتے ہیں۔
پانچواں فائدہ یہ بھی ہے کہ اگر آپ سیاحت کے شوقین ہیں تو جس ملک میں سیاحت کے لیے جا رہے ہوں اس ملک کی زبان سیکھ کر آپ اس ملک کے لوگوں سے بآسانی رابطہ قائم رکھ سکتے ہیں۔ اپنے جذبات ان تک بآسانی پہنچا سکیں گے۔ اپنی ضروریات کا تقاضا بآسانی کر سکیں گے۔
مزید دیکھیں: 100 بہترین سرگرمیاں - دیگر اقساط
چھٹا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کا ذہن جدت کو قبول کرنے لگ جاتا ہے۔ نئے پن کو اپنانے میں آپ کو کوئی دقت نہیں ہوتی۔ آپ کی سوچ جدید ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ نئی سچوں ہے آنے سے آپ بہت سے نئے روہے بھی اپناتے ہیں۔
ساتواں فائدہ یہ ہے کہ آپ کے اندر خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ آپ کو اپنی قابلیتوں پہ بھروسہ ہو جاتا ہے۔ خود اعتمادی کا پیدا ہونا آپ کی شخصیت میں ایک مثبت اور ضروری تبدیلی ہے۔ اس کے پیدا ہونے سے آپ کوئی بھی کام احسن انداز میں سر انجام دے سکتے ہیں۔
آٹھواں فائدہ یہ ہے کہ آپ اگر چاہیں تو دوسری زبان کے ادب کا اپنی زبان میں ترجمہ کر کے اپنی زبان کو نئی تہذیب اور ثقافت سے روشناس کروا کر اسے وسیع کر دیتے ہیں۔ آپ کی زبان میں نئے ذائقے شامل ہو جاتے ہیں۔ نئے الفاظ کا اضافہ ہوتا ہے۔ نئی سوچ اور فکر شامل ہو جاتی ہے۔ علاوہ ازیں آپ دوسری زبان کے ادب کو اپنی زبان ترجمہ کرنے کے فن سے بہت کچھ کما سکتے ہیں۔ اسے آپ کمائی کا ذریعہ بھی بنا سکتے ہیں جو کہ آپ کو مالی لحاظ سے مضبوط کرے گا۔
نواں فائدہ یہ ہے کہ آپ وہ زبان اپنے ہم وطنوں کو سکھا کر پیسہ بھی کما سکتے ہیں۔ آپ اپنی اکیڈمی بنا کر وہاں اس نئی زبان کی تعلیم دے سکتے ہیں اور بدلے میں بہت سے پیسے کما سکتے ہیں۔
یہ بھی دیکھیں: پروفیسر عامر حسن برہانوی کے نئے آرٹیکلز
ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اس نتیجے پہ پہنچتے ہیں کہ نئی زبان سیکھنا ایک انتہائی مفید سرگرمی ہے۔ یہ وقت کا ضیاع نہیں بلکہ وقت کا صحیح استعمال ہے۔ اس لیے نئی زبان سیکھیں اور اپنے اندر نئی تبدیلیاں پیدا کریں۔
یہاں یہ سوال بھی قابل غور کہ کون سی زبان سیکھی جائے۔ اس حوالے سے یاد رہے کہ چار زبانیں تو آپ کو بنیادی طور پہ آنی چاہیئیں۔ ایک آپ کی مادری زبان، دوسری قومی زبان، تیسری مذہبی زبان یعنی جس زبان میں آپ کا مذہبی مواد موجود ہے اور چوتھی بین الاقوامی زبان جو کہ بین الاقوامی رابطے کے لیے بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کو ان چار زبانوں میں سے کوئی بھی زبان نہیں آتی تو آپ پہلے ان زبانوں کو سیکھیں۔ اس کے بعد آپ اپنی پسند اور ذوق کے مطابق کسی بھی زبان کا انتخاب کریں اور اسے سیکھنا شروع کر دیں۔
یہ بھی دیکھیں: جدید اردو نظم کا تعارف
یہاں ایک اور سوال بھی جنم لیتا ہے کہ نئی زبان سیکھیں کیسے؟ نئی زبان کو سیکھنے کے لیے آپ یوٹیوب اور گوگل کی مدد لے سکتے ہیں۔ یہ دو ایسے پلیٹ فارم ہیں کہ ان کے ذریعے آپ کوئی بھی زبان گھر بیٹھے بآسانی سیکھ سکتے ہیں۔ جب آپ کسی زبان کی بنیادی باتیں سیکھ لیتے ہیں تو آپ اس زبان کے لوگوں سے رابطہ کر کے اور ان سے گفتگو کر کے اپنی زبان کو مزید اچھے انداز میں سیکھ سکتے ہیں۔
اگر یہ سلسلہ آپ کو اچھا لگا یا آپ کو اس سیکھنے کا کچھ موقع ملا تو نیچے کمنٹ ضرور کریں۔ نیز اس سلسلے کا لنک دوسروں تک بھی پہنچائیں تاکہ دوسرے لوگ بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ شکریہ
0 Comments