سو بہترین سرگرمیاں
تحریر : پروفیسر عامر حسن برہانوی
پہلی قسط
پہلی سرگرمی: آج کے کاموں کی فہرست
اس سرگرمی کو انجام دینے کا سب سے بہترین وقت یا تو صبح سویرے کا ہے جب آپ اُٹھ چکے ہوں یا رات کو سوتے وقت یہ سرگرمی اگلے دن کے کاموں کی فہرست مرتب کرنے کے لیے سرانجام دی جا سکتی ہے۔ تاہم اس سرگرمی کا کوئی وقت متعین نہیں ہے۔ آپ جب بھی فراغت حاصل کریں اپنے روزمرہ کے کاموں کی فہرست ضرور مرتب کریں۔ یہ سرگرمی ایک انتہائی مفید سرگرمی ہے۔ ذیل میں اس سرگرمی کے فوائد بیان کیے گئے جنھیں پڑھ کر آپ اس سرگرمی کی اہمیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔
سب سے پہلا فائدہ تو یہ ہوتا ہے کہ انسان ماضی میں جینے کی بجائے زمانہ حال میں جیتا ہے۔ کامیابی کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنے ماضی سے سبق حاصل کر کے اسے ایک طرف کر دیں اور پھر اپنے حال کو خوش حال کریں۔ اگر آپ اپنے حال کو خوش حال نہیں کرتے تو آپ کا حال بے حال ہو جاتا ہے اور آپ کا مستقبل جو آپ کے حال پہ ہی کھڑا ہے، وہ بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اپنے حال میں جیا جائے اور حال میں جینے کے لیے صبح سویرے اٹھ کر اپنے آج کے کاموں کی فہرست بنائیے اور پورا کرنے میں مگن ہو جائیے۔
دوسرا فائدہ یہ ہے کہ انسان کا وقت ضائع نہیں ہوتا۔ جب آپ طے کر لیتے ہیں کہ آج کے دن میں نے یہ کام سر انجام دینے ہیں تو پھر آپ اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے ان کاموں کو پورا کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اس طرح آپ خود کو وقت ضائع کرنے سے بچاتے ہیں۔
تیسرا فائدہ یہ ہے کہ انسان آج کا کام کل پہ نہیں چھوڑتا بلکہ آج کا کام آج ہی کرنے کا عادی ہو جاتا ہے۔ کیوں کہ وہ جان لیتا ہے کہ اگر آج کا کام پورا نہ کیا تو یہ مجھ پہ ایک بوجھ بن جائے گا اس سے نہ صرف میرا دماغ پریشانی اور ٹینشن کا شکار ہو گا بلکہ میری صحت بھی خراب ہو جائے گی۔ اس لیے بہتر ہے کہ آج کا کام آج کر کے خود کو پرسکون زندگی جینے کے لیے تیار کیا جائے اور بلاوجہ کی پریشانی سے بچا جائے۔
چوتھا فائدہ یہ ہے کہ کاموں کی ترتیب سے کام کو انجام تک
لے جانا آسان ہوتا ہے۔ آپ جو کام طے کرتے ہیں ان کو ان کے انجام تک پہنچا کر ہی دم لیتے ہیں اور یوں کوئی کام ادھورا نہیں چھوڑتے۔
یہ بھی دیکھیں: معلومات کو اپنے دماغ میں محفوظ رکھنے کا طریقہ
پانچواں فائدہ یہ ہے کہ اس سرگرمی کے کرنے سے آپ کو وقت کی اہمیت کا اندازہ ہو جاتا ہے۔ آپ جان لیتے ہیں کہ میں ایک دن میں اتنے سارے کام نمٹا سکتا ہوں تو جب میں کوئی کام نہیں کرتا یعنی اپنے کاموں کی فہرست تیار نہیں کرتا تو میرا بہت سا وقت ضائع ہو جاتا ہے۔ لیکن اب مجھے احساس ہوتا ہے کہ اگر میں ایک دن میں اتنے ڈھیر سارے کام نمٹا سکتا ہوں تو مجھے اپنا وقت فضول باتوں میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
چھٹا فائدہ یہ ہے کہ انسان ٹائم منیجمنٹ کی مہارت سیکھتا ہے۔ انسان کو پتہ چل جاتا ہے کہ وہ کون سا کام کتنے وقت میں کر سکتا یا کرتا ہے اور کس طریقے سے اسے اپنا وقت مینیج کر کے اس وقت میں بہت سارے کام کرنے ہیں۔
ساتواں فائدہ یہ ہوتا ہے کہ انسان میں کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور یہی جذبہ انسان کو کامیابی تک لے جاتا ہے۔ انسان ہر وقت اپنا کام کرنے لیے متحرک اور تیار رہتا ہے۔
آٹھواں فائدہ یہ ہوتا ہے کہ انسان کی زندگی منظم ہو جاتی ہے۔ زندگی میں ایک ترتیب پیدا ہو جاتی ہے جو کہ بہت ضروری ہے۔ کیوں کہ ترتیب ہی زندگی کا حُسن ہے۔ اگر آپ کی زندگی منظم ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
یہ بھی دیکھیں: نظم اور غزل کے اشعار کی طریقہ
نواں فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ جب آپ اپنے روز کے کاموں کو نمٹا لیتے ہیں تو آپ کو اپنے اوپر اعتماد ہونے لگتا ہے اور یہ اعتماد آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا دیتا ہے۔ آپ کو آپ کے دوستوں میں ممتاز کرتا ہے۔ آپ کی شخصیت پر کشش ہو جاتی ہے۔
دسواں فائدہ یہ ہے کہ اس سرگرمی کو اپنانے سے آپ سوچ کی بجائے عمل پہ توجہ دیتے ہیں۔ جب آپ یہ سوچتے ہیں کہ میں نے آج کون سے کام کرنے ہیں اور آپ اپنے پیشے اور کام کو مدنظر رکھ کر دن میں پانچ سے سات کاموں کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ کی سوچ ان کاموں کو مکمل کرنے میں لگ جاتی ہے۔ آپ جب ایک کام کر لیتے ہیں تو دوسرے کام کو پورا کرنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ اس طرح آپ اپنا دن سوچوں کی بجائے عمل میں گزارتے ہیں۔
یہ بھی دیکھیں: قرآن ایک مظلوم کتاب
اس سرگرمی کے اور بھی بہت سے فائدے ہیں تاہم ایک آخری فائدہ بتا کر اپنے موضوع کو سمیٹنے کی کوشش کرتا ہوں کہ اس سرگرمی سے انسان کی زندگی کو ایک مقصد مل جاتا ہے۔ انسان آوارہ اور بے مقصد پھرنا چھوڑ دیتا ہے۔ اور اپنے مقصد کو پانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔
اپنے کاموں کی فہرست کیسے بنائیں؟ اس مقصد کے لیے اپنے دن کو تین حصوں میں تقسیم کریں۔ ایک حصہ صبح سویرے اٹھنے سے لے کر اپنے کام (نوکری، دفتر، مزدوری وغیرہ) پہ جانے تک ہے۔ دوسرا حصہ کام پہ جانے سے لے کر کام سے واپس آنے تک کا ہے۔ اور تیسرا گھر واپس آ کر سونے تک کا ہے۔ پہلے ایک حصے میں سر انجام دینے والے کاموں کی فہرست بنائیں پھر دوسرے حصے میں اور آخر میں تیسرے حصے کے کاموں کی فہرست مرتب دیں۔
یہ بھی دیکھیں: جذباتی تربیت اور اس کی اہمیت
رات کو اپنی فہرست کا جائزہ لیں کہ آپ نے آج جن کاموں کی فہرست مرتب کی ہے ان کاموں کو پورا کرنے میں آپ کس حد تک کامیاب رہے ہیں۔ شروع شروع میں اگر خاطر خواہ کامیابی نہ بھی ہو تو بھی اس سرگرمی کو جاری رکھیں۔ ان شاءاللہ ایک ماہ یہ سرگرمی اختیار رکھنے سے آپ اپنے اندر ایک حیرت انگیز تبدیلی محسوس کریں گے۔ آپ کو اپنے کام سے محبت ہو جائے گی۔ وقت ضائع کرنے والوں کاموں سے دور بھاگیں گے۔ کوئی بھی کام بغیر کسی مقصد کے نہیں کریں گے اور آپ کی زندگی خوشگوار ہو جائے گی۔
0 Comments