کامیابی کا فارمولا

 


کامیابی کیا ہے؟ اس سوال کا کوئی ایک جواب نہیں ہے بلکہ جتنے منھ اتنی باتیں والا حساب ہے۔ ہر انسان نے کامیابی کے اپنے اپنے معنی متعین کیے ہوئے ہیں۔ کسی کے نزدیک نماز کامیابی ہے۔ کیوں کہ کامیابی کو عربی میں ”الفلاح“ کہا جاتا ہے۔ اور دن میں پانچ مرتبہ پکارا جاتا ہے، ”حی علی الفلاح“ یعنی آؤ کامیابی کی طرف۔ کسی کے نزدیک اعلیٰ نوکری یا ذاتی کاروبار بہت بڑی کامیابی ہے۔ کسی کے نزدیک اعلیٰ تعلیم و تربیت ہی کامیابی ہے۔ کسی کے نزدیک اپنے آپ کو پہچاننا کامیابی ہے۔ کسی کے نزدیک خدا کو پہچاننا اور اسے پا لینا کامیابی ہے۔ کسی کے لیے جنت کی زندگی پانا کامیابی ہے۔ کسی کے نزدیک محنت کا حاصل کامیابی ہے۔ کسی کے نزدیک اپنے مقصد کو پا لینا کامیابی ہے۔ الغرض ہر انسان کے لیے کامیابی کے الگ معنی ہیں۔ لیکن کامیابی کی تعریف جو بھی کی جائے اور جتنی بھی کی جائیں۔ ان سب میں ایک بات جو مشترک ہے وہ یہ ہے کہ کامیابی کچھ دینے اور کچھ لینے کا نام ہے۔ کچھ دینے سے مراد کسی چیز کی قربانی اور کچھ لینے سے مراد اس قربانی کا انعام ہے۔ چناں چہ تعلیم لینے کے لیے وقت اور پیسے قربان کرنے پڑتے ہیں۔ جنت حاصل کرنے کے لیے نفسانی خواہشات قربان کرنی پڑتی ہیں۔ نوکری یا کاروبار کے لیے بھی وقت اور پیسے ادا کرنے پڑتے ہیں۔ پس کامیابی چاہتے ہو تو قربانی دینی ہو گی۔ گویا قربانی کامیابی کی شرط ہے۔

اب جب یہ طے ہو گیا کہ کامیابی کے حصول کے لیے قربانی شرط ہے تو یہ بھی ماننا پڑے گا کہ جو جتنی بڑی کامیابی چاہتا ہے اسے اتنی بڑی قربانی دینی پڑے گی۔ اور جو جتنی بڑی قربانی پیش کرے گا وہ اتنا ہی بڑا کامیاب ہو گا۔ تو اس حساب سے کامیابی کا فارمولا کچھ یوں بنے گا۔

محنت + قربانی = کامیابی

آئیے اس فارمولے کو ایک مثال سے سمجھتے ہیں۔ ذاتی گھر آپ کا ٹارگٹ یا مقصد ہے۔ گویا آپ تب کامیاب ہوں گے جب آپ کے پاس آپ کا اپنا ذاتی گھر ہو گا۔ تو ذاتی گھر بنانے کے لیے آپ کو پیسہ درکار ہے۔ پیسہ حاصل کرنے کے لیے آپ کو اپنا قیمتی وقت قربان کرنا پڑے گا۔ اور اس کے ساتھ ہی آپ کو اس وقت میں کوئی کام بھی کرنا پڑے گا۔ کام کرنے کے لیے محنت درکار ہے۔ پس آپ محنت کریں گے اور اپنے قیمتی وقت کی قربانی دیں گے تو آپ کو اتنا پیسہ حاصل ہو جائے گا کہ آپ اپنا گھر بنا سکیں۔ تو اس کو ہم یوں سمجھیں گے کہ

کام + وقت = پیسہ 

پیسہ = ذاتی گھر

اسی طرح اگر کوئی کہتا ہے کہ مجھے جنت چاہیے جو ابدی گھر ہے۔ تو اس کے لیے آپ کو قربانی دینی ہو گی۔ اپنی خواہشات کی قربانی۔ اپنی خواہشات کو خدا کی خواہشات پر قربان کرنا پڑے گا۔ اور یہ کوئی ایک آدھ دن کی بات نہیں بلکہ پوری زندگی کی بات ہے۔ گویا آپ کو پوری زندگی اپنی نفسانی خواہشات کو قربان کر کے خدائی خواہشات کو اپنانا ہے۔ پوری زندگی اچھے اعمال کرنے ہیں۔ یہ آپ کی محنت ہے۔ اور نفسانی خواہشات کی قربانی بھی اس میں شامل ہے۔ یہ دونوں چیزیں جب ملیں گی تو آپ کو کامیابی حاصل ہو جائے گی۔

اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو پہلے کامیابی کی اپنی ذاتی تعریف بنائیں۔ طے کریں کہ آپ کے نزدیک کامیابی کیا ہے۔ نیز آپ کو کامیابی چاہیے یا کامیابیاں۔ اس کے بعد بتائے گئے فارمولے پہ عمل کریں ان شاءاللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔

Post a Comment

0 Comments